اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی دارالحکومت میں نوسربازی کی منفرد واردات کے دوران 65سالہ بوڑھی عورت بینک سے 75ہزار روپے لے اڑی ، مسلم کمرشل بینک میلوڈی برانچ کے کیش کاؤنٹر سے معمر خاتون نے اپنے ساتھی لڑکے کو پاگل ظاہر کرتے ہوئے واردات کی اور غائب ہوگئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مسلم کمرشل بینک میلوڈی مارکیٹ میں 65سالہ بوڑھی خاتون نے نوسربازی کی ایک انوکھی واردات کے ذریعے بینک کے کیش کاؤنٹر سے
5ہزار روپے والے 15نوٹ کاٹن سے نکال لئے اوراچانک غائب ہوگئی ۔ نامعلوم معمر خاتون ایک جوان لڑکے ہمراہ دن 3بجے کے قریب بینک میں آئی اور 5ہزار نوٹ کے بدلے ہزار روپے والے نوٹ کا تقاضا کیا اور کاؤنٹر پر پڑے کیش کی جانب ہاتھ بڑھایا جس پر کیش کاؤنٹر پر موجود بینک ملازم نے کیش وہاں سے ہٹا دی ۔ خاتون کے وہاں سے چلے جانے کے بعد کیشیئر نے جب کیش کی گنتی کی تو 5ہزار روپے والے 15نوٹ (75ہزار روپے) کم تھے ۔ بینک عملہ نے نامعلوم بوڑھی خاتون کو کافی تلاش کیا مگر کہیں نہ ملی ۔ تھانہ آبپارہ پولیس نے سیلز آفیسر کی درخواست پر نامعلوم خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔