برلن( آن لائن ) جرمنی میں اسلام مخالف سیاست کرنے والے ملک کی تیسری بڑی جماعت کے مرکزی رہنما نے اسلام قبول کرلیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام اور مہاجرین مخالف سیاسی جماعت آلٹرنیٹیو فار جرمنی (اے ایف ڈی) سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنما آرتھر واگنر نے اسلام قبول کرنے کے بعد پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
آرتھر واگنر کا تعلق وفاقی جرمن ریاست برانڈنبرگ سے ہے جو روسی نڑاد جرمن شہری ہیں اور اے ایف ڈی میں شمولیت سے قبل وہ چانسلر انجیلا میرکل کی سیاسی جماعت سی ڈی یو کے پلیٹ فارم سے سیاست کر رہے تھے جب کہ وہ 2015 میں مہاجرین اور اسلام مخالف جماعت میں شامل ہوئے اور پارٹی کی صوبائی کمیٹی میں انہیں چرچ اور مذہبی امور کا نگران مقرر کیا۔
دوسری جانب پارٹی کی ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ آرتھر واگنر نے ایگزیکٹو کمیٹی کی رکینت سے استعفیٰ دے دیا ہے اور اس کی وجہ انہوں نے ’ذاتی‘ بتائی ہے۔واضح رہے کہ جرمنی میں اے ایف ڈی نے مہاجرین اور تارکین وطن کی ملک میں آمد کو خطرناک قرار دیتے ہوئے سرحدوں پر سیکیورٹی کو سخت کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر مہاجرین کی آمد جاری رہی تو جرمنی ’اسلامائزیشن‘ کی طرف بڑھنے لگے گا۔