نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)شمالی امریکی ملک میکسیکو میں جہاں ایک طرف تو ہولناک زلزلے نے بے تحاشہ تباہی مچائی وہیں ریسکیو ٹیموں میں شامل ایک کتا بھی بے شمار لوگوں کی جانیں بچا کر ہیرو کی حیثیت اختیار کرگیا۔نیوی کی ریسکیو ٹیم میں شامل تربیت یافتہ 7 سالہ کتا فریڈا نہایت اہم حیثیت اختیار کرچکا ہے کیونکہ میکسیکو کے زلزلے کے دوران اس نے ملبے تلے دبے 12 افراد کی سونگھ کر نشاندہی کی جو بعد ازاں زندہ نکلے۔فریڈا اس سے
پہلے ایکواڈور،جنوبی میکسیکو اور گوئٹے مالا میں بھی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ امدادی کارروائیاں انجام دے چکا ہے اور اس دوران وہ 40 سے زائد لاشوں کی نشاندہی کر چکا ہے۔انتظامیہ کے مطابق مختلف ریسکیو ٹیموں کے ساتھ اور کتے بھی موجود ہیں جو ان کے ساتھ امدادی کاموں میں ان کا ہاتھ بٹاتے ہیں تاہم فریڈا ان سب میں باصلاحیت اور ذہین کتا ہے۔یاد رہے کہ 2 ہفتے قبل میکسیکو میں 7.1 شدت کے زلزلے نے 250 افراد کی جانیں نگل لی تھیں۔