روم( این این آئی) دنیا کی معمر ترین خاتون 117 سال کی عمر میں اٹلی میں انتقال کر گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایما مورانو اٹلی میں 29 نومبر 1899 کو پیدا ہوئی تھیں۔ وہ باقاعدہ طور پر 19ویں صدی میں پیدا ہونے والی آخری زندہ شخصیت تھیں۔وہ اپنی لمبی عمر کی وجہ جنیاتی اور روزانہ تین انڈوں کی خوراک کو بتاتی تھیں۔ایما اپنے بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھیں اور وہ سب کے بعد تک زندہ رہیں۔
ان کا انتقال شمالی شہر وربنیا میں ان کے گھر میں ہوا۔انھوں نے اپنی اس 117 سالہ زندگی کے دوران تین صدیاں، شادی، واحد بیٹے کی موت، دو عالمی جنگیں اور 90 سے زیادہ اطالوی حکومتیں دیکھیں۔ایما مورانو تسلیم کرتی تھیں کہ لمبی عمر کی ایک وجہ جنیاتی طور پر وراثت میں ملنا ہے، ان کی والدہ نے 91 برس کی عمر میں انتقال کیا اور ان کی کئی بہنوں نے سویں سالگراہ منائی۔تاہم ان کے مطابق اس کی ایک اور وجہ 90 سال کی عمر تک تین انڈے روزانہ کھانا تھا جن میں سے دو کچے انڈے ہوتے۔ستائیس برس تک ان کے معالج رہنے والے ڈاکٹر کارلو باوا نے خبر رساں ادارے کوبتایا کہ وہ بہ مشکل ہی پھل یا سبزیاں کھاتی تھیں۔