شننگ (آئی این پی) چینی اہلکار اور ماحولیاتی ماہرین ایک سطح مرتفع جھیل کے بارے میں تحقیقات کررہے ہیں جس کی رنگت گلابی ہو گئی ہے ، ایک مربع کلومیٹر پر محیط یہ جھیل صوبہ چنگہائی میں چنگہائی جھیل کمپلیکس کا حصہ ہے اور یہ ریت کی ایک پٹی کے ذریعے اصل جھیل سے الگ ہے۔شنہوا کے رپورٹوں نے تصدیق کی ہے کہ چھوٹی جھیل کی سطح گلابی ہو گئی ہے ،
پانی کے نیچے کیچڑ اور جڑی بوٹیاں بھی نشان زدہ ہیں اور ناگوار بو آرہی ہے، چنگہائی لیک ریزرویشن و ایڈمنسٹریشن دفتر کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کیچڑ اور جڑی بوٹیوں کی بڑی مقدار گلابی رنگ کے مواد سے نشان زدہ ہو گئی ہے ، اس جھیل کے پانی کے نمونے تجزیہ کیلئے وسطی ہوبی صوبہ بھیج دیئے گئے ہیں ۔حکام صرف اس وقت چوکنا ہو گئے جب ایک شخص نے انٹرنیٹ پر گلابی جھیل کی تصویر بھیجی جس پر گرما گرم بحث شروع ہو گئی ، دفتر کی ویب سائٹ پر چسپاں کئے جانیوالے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جھیل کے آس پاس چراہ گاہیں اور چھوٹی بستیاں ہیں ، آس پاس کوئی صنعت بھی نہیں ہے لہذا ہم اس مفروضے کو مسترد کرتے ہیں کہ یہ جھیل اسی وجہ سے آلودہ ہو گئی ہے، چنگہائی ۔ تبتی سطح مرتفع کے شمال مشرقی حصے پر واقع ہے ، یہ 4429مربع کلومیٹر پر محیط ہے اور ملک کے کھارے پانی کی سب سے بڑی جھیل اور سطح مرتفع کے کرینوں کا اہم مسکن ہے ، حکومتی قیادت میں محفوظ کرنے کی کوششوں بالخصوص صحرا اور ریت سے بچانے کیلئے جنگلات اگانے کی وجہ سے جھیل حالیہ برسوں میں پھیل گئی ہے ۔