جکارتہ(این این آئی)انڈونیشیا کے شہر ڈیپوک میں ہسپتال کے صورت پر قائم کیا جانے والا ایک ریستوران اپنے اندرونی ماحول، کھانوں اور وہاں کام کرنے والوں کے ملبوسات کے سبب لوگوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہتا ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے گاہکوں کو ایک منفرد تجربے سے لطف اندوز ہونے کا موقع دیتا ہے جہاں وہ مریضوں کی وہیل چیئر جیسی کرسیوں پر بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں اور ان کی میزوں پر آپریشن تھیٹر جیسی روشنیاں چل رہی ہوتی ہیں۔ریستوران کے اندرونی حصوں کو ہسپتال کی
مانند سجایا گیا ہے۔ باورچیوں کا لباس ڈاکٹروں جیسا ہوتا ہے جب کہ خواتین ویٹر نرسوں جیسا لباس پہنتی ہیں۔مشروبات کو سیرپ بیگز میں اور کھانوں کو ہسپتال میں استعمال ہونے والی ڈشوں میں پیش کیا جاتا ہے۔ریستوران کے دل چسپ ترین امور میں سے یہ بات بھی ہے کہ بعض کھانوں اور میٹھی ڈشوں کو انسانی اعضاء کی شکل میں تیار کیا جاتا ہے۔ریستوران کی ایک خاتون ویٹر کا کہنا تھا کہ میں نرس کا لباس پہن کر گاہکوں کی خدمت انجام دیتی ہوں اس طرح وہ خود کو ایک مختلف ماحول میں محسوس کرتے ہیں۔