اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی خوشی تو وہ ہی شخص بیان کر سکتاہے جسے کئی بار ناکام ہونے کے بعد کامیابی حاصل ہوئی ہو اور ایسا ہی ایک شخص ہے جو کہ 32مرتبہ ٹیسٹ میں فیل ہوا لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری اور 33ویں مرتبہ لائسنس حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق 42سالہ وائٹلی میسن نے آخر کار 25سال کی کڑی محنت کے بعد ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر لیاہے ،میسن 32مرتبہ ٹیسٹ میں فیل ہوا اور 33ویں بار کوشش کرنے پر کامیاب ہوا۔ برطانوی شخص نے
14مختلف اساتذہ سے 85 کلاسز لیں جس کا مجموعی خرچہ تقریبا 10ہزار پاؤنڈ آیا ۔اس کا کہناہے کہ مجھے یقین نہیں ہوپا رہا کہ میں نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر لیاہے ،میں اب بھی حیرانگی میں مبتلا ہوں ۔میسن کاکہناہے کہ اس نے پہلا ڈرائیونگ ٹیسٹ 1992میں دیا تھا ۔وائٹلی میسن کا کہناہے کہ برنسلے ٹیسٹ سینٹر میں ایک ہی نگران تھی جس کیلئے میں دعاکرتاتھا کہ وہ میرا ٹیسٹ نہ ہی لے ،وہ خاتون انتہائی مشکل ٹیسٹ لیتی تھی اور مجھے ہر دفعہ فیل کر دیتی تھی لیکن میں نے ہار نہیں مانی اور لائسنس حاصل کر کے ہی دم لیا۔