ریاض(آئی این پی)سعودی عرب میں ڈاکٹروں نے مریض کے پیٹ سے 11سال بعد ’’بلب‘‘ نکال لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شہر الاحسا میں ڈاکٹروں نے ایک ایشیائی باشندے کے پیٹ کے اندر سے برقی ’’بلب‘‘نکالا ہے ، یہ بلب 11 برس سے
مذکورہ 21 سالہ نوجوان کے پیٹ میں موجود تھا۔ مریض کا آپریشن شہزادہ سعود بن جلوی ہسپتال میں ہوا۔ایشیائی باشندے کو جب ہسپتال کے ہنگامی امداد کے شعبے میں لایا گیا تو وہ متلی اور بخار میں مبتلا تھا۔ فوری اور مکمل معائنے کے بعد ڈاکٹروں کو معلوم ہوا کہ اس کے پیٹ میں کوئی عجیب سی چیز موجود ہے۔مریض کو فوری طور پر آپریشن تھیٹر میں لے جایا گیا تاکہ اس عجیب سی چیز کو جو ایک بلب تھا پیٹ سے نکالا جا سکے۔ پیٹ کی صفائی کے بعد آنتوں کو خصوصی آلے کے ذریعے بند کر دیا گیا تاکہ مریض کو مزید کسی قسم کی شکایت نہ ہو۔مریض کے بیان کے مطابق اس نے یہ بلب 10 برس کی عمر میں نگل لیا تھا۔یہ آپریشن تقریبا سوا گھنٹے تک جاری رہا جس میں نو افراد شریک رہے۔مریض کی حالت اب بہت بہتر ہے اور اسے ہسپتال سے رخصت دینے سے قبل کچھ روز تک زیرِ نگرانی رکھا جائے گا۔