بیجنگ(این این آئی)بعض مرتبہ خونی رشتوں کے اعتبار سے ایسے واقعات کی خبریں سامنے آتی ہیں کہ انسان کا دل انہیں قبول کرنے کو تیار نہیں ہوتا۔ اسی طرح کا ایک واقعہ چین میں بھی پیش آیا جہاں ایک شخص اپنے شیرخوار بچے کو 11 ہزار ڈالر کے عوض فروخت کے لیے پیش کر دیا۔ اس اقدام کے پیچھے کیا مجبوری تھی اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ شخص کو اس رقم کی اشد ضرورت تھی
تاکہ وہ ایک قیمتی گاڑی خرید کر اپنی بیوی کو راضی کرسکے۔چینی میڈیا کو موصول ہونے والی سکیورٹی کیمرے کی وڈیو میں مذکورہ شخص 12 جنوری کو چین کے مشرقی شہر لینی کی ایک سڑک پر اپنے پانچ ماہ کے بچے کو گود میں لیے وہاں گزرنے والے را ہ گیروں کے سامنے فروخت کے لیے پیش کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ شخص اپنی بیوی سے طلاق چاہتا ہے تاہم اس کی بیوی نے شرط رکھ دی کہ وہ اس کے لیے شان دار گاڑی کا خواب پورا کردے تو وہ طلاق پر آمادہ ہوگی۔اخباری رپورٹوں کے مطابق اس شخص کا انٹرنیٹ کے ذریعے ایک خریدار کے ساتھ 80 ہزار یوان (تقریبا 11 ہزار امریکی ڈالر) میں سودا طے پا گیا تھا مگر پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے حراست میں لے لیا۔ اس شخص کو فوری طور پر پولیس مرکز لایا گیا تاکہ شیرخوار بچے کو کوئی نقصان نہ پہنچے جو پہلے ہی سرد موسم اور ناکافی کپڑوں کی وجہ سے ٹھٹر کر رہ گیا تھا۔