اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اس دنیا میں ایسی ہزاروں لاکھوں چیزیں ہیں جن کو ابھی تک ہم پراسراریت کا درجہ دیتے ہیں کیونکہ ابھی ان کی حقیقت صیغہ راز میں ہے ۔ روس کے علاقے نوووسِبرسک سے معدوم ہونے والے برفانی ہاتھی کی ہڈیوں کا ایک بڑا ذخیرہ دریافت کیا گیا ہے جس میں ان معدوم جانوروں کے 8ڈھانچے شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق وولف مین نامی مقام سے اونی کھال والے دیوقامت برفانی ہاتھی’’میمتھ‘‘ کی ہڈیوں کا سب سے بڑا ذخیرہ دریافت ہوا ہے، جسے روس کی تومسک اسٹیٹ یونیورسٹی کے سائنسدانوں اور طالب علموں پر مشتمل ٹیم نے دریافت کیا ہے۔یہ ذخیرہ تقریباً 9 مربع میٹر رقبے کے ایک گڑھے سے ملا ہے، جن میں بائزن، گھوڑوں، خزندوں اور برفانی لومڑی سے مشابہت رکھنے والے جانوروں کی ہڈیاں بھی شامل ہیں۔سائنسدانوں کے مطابق یہ ذخیرہ اتنا بھرپور ہے کہ اس کے ہر ایک مربع میٹر سے لگ بھگ 90 ہڈیاں ملی ہیں جبکہ ان ہڈیوں کی مجموعی تعداد 785 ہے۔