اسلام آباد (نیوزڈ یسک )اسپین کے عالمی شہرت یافتہ مصور پابلو پکاسو کی ایک پینٹنگ الجزائر کی عورتیں، نیویارک میں 17 کروڑ 93 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوگئی ہے۔ کسی بھی نیلامی میں فروخت ہونے والی یہ مہنگی ترین پینٹنگ ہے۔ نیلامی سے قبل اس پینٹنگ کی قیمت کا تخمینہ 14 کروڑ ڈالر لگایا تھا، لیکن یہ اندازوں سے زیادہ مہنگی ثابت ہوئی۔ اس تصویر میں پابلو پکاسو کی کے مخصوص کیوبسٹ انداز میں کئی عورتیں دکھائی گئی ہیں۔ یہ ان 15 تصاویر کا حصہ ہے جو ہسپانوی مصور نے 1954 سے 1955 کے دوران بنائی تھیں۔ پینٹنگ کی قیمت میں نیلام گھر کا کمیشن بھی شامل ہے جو 2کروڑ 15 لاکھ ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ اس سے پہلے برطانیہ کے مصور فرانسس بیکن کی بنائی ہوئی ایک تصویر سب سے مہنگی نیلام ہو نے والی تصویر تھی جس کی بولی 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر لگی تھی۔