واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکہ کی الاسکا ائیرلائن کے طیارے کو ٹیک آف کرنے کے چند منٹ بعد طیارے کے کارگو حصے میں عجیب و غریب ہلچل اور شور کی وجہ سے واپس اترنا پڑ گیا۔ لاس اینجلس سے سیاٹل کیلئے روانہ ہونے والی پرواز 448 کو ہوا میں بلند ہوئے ابھی 14 منٹ ہی گزرے تھے کہ کارگو والے حصے میں سے زبردست شور بلند ہونا شروع ہو گیا اور ساتھ ہی کسی شخص کی مدد کیلئے پکار بھی بلند ہو رہی تھی۔ کپتان نے فوری طور پر ایمرجنسی کا اعلان کیا اور کچھ دیر بعد طیارہ دوبارہ لاس اینجلس ائیرپورٹ پر لینڈ کر چکا تھا۔ ایمرجنسی اہلکار یہ دیکھ کر حیران تھے کہ طیارے کے کارگو والے حصے سے ایک بوکھلایا ہوا شخص برآمد ہوا جو پراسرار طور پر سب کی نظروں سے بچ کر پرواز کر گیا تھا۔ اس شخص نے اہلکاروں کو بتایا کہ کام کے دوران کارگو حصے میں اس کی آنکھ لگ گئی تھی اور اسے معلوم نہیں کہ کب طیارے کے دروازے بند کئے گئے اور کب یہ ٹیک آف کر گیا۔ ائیرلائن کا کہنا ہے کہ یہ شخص بظاہر ٹھیک نظر آ رہا تھا لیکن احتیاطاً اسے معائنے کیلئے ہسپتال بھیج دیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔