لاہور: سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائیٹ فیسبک نے رواں ہفتے سے صارفین کو اپنا آن لائن وارث مقرر کرنے کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے جو صارف کے انتقال کے بعد بھی اس کا اکاؤنٹ چلا سکے گا جبکہ اس اکاؤنٹ کو ’مرحوم‘ کیٹگری میں بھی ڈال دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق فیسبک نے یہ فیصلہ صارفین کی طرف سے کئے جانے والے مسلسل مطالبے کی وجہ سے کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کچھ صارفین کی موت واقع ہو جانے کے بعد ان کے عزیزو اقارب حضرات ان کی تصاویر یا یادگاری لمحات تک رسائی چاہتے ہوتے ہیں مگر فیسبک اکاؤنٹ کا پاس ورڈ معلوم نہ ہونے کے سبب وہ ایسا نہیں کر پاتے۔ فیسبک نے اس صورتحال کا حل کچھ یوں نکالا ہے کہ ہر صارف اپنی زندگی میں ہی کسی دوسرے صارف کو اپنا وارث مقرر کر سکے گا جس کو اس صارف کی موت کے بعد نہ صرف پہلے سے شائع شدہ مواد تک رسائی حاصل ہو گی بلکہ وہ اس اکاؤنٹ سے نئے پیغامات بھی جاری کر سکے گا۔ تاہم اس سہولت کو ایک کچھ عوامی حلقوں کی طرف سے تنقید کا بھی سامنا ہے کیونکہ کسی شخص کی موت کے بعد اس کے وارث کی طرف سے جاری کئے جانے والے پیغامات اس کے دوستوں کو کسی غلط فہمی میں مبتلا کر سکتے ہیں۔ تاہم فیسبک کا کہنا ہے کہ اس کا حل کچھ یوں نکالا گیا ہے کہ آن لائن وارث کو صارف کی طرف سے کئے گئے فیسبک میسجز تک رسائی نہیں دی جائے گی۔ اس سہولت کی فراہمی اسی ہفتے شروع کی جا رہی ہے