نئی دہلی(این این آئی)بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ میں سترہ سالہ لڑکی کے مبینہ طور پر فیئرنس کریم استعمال کرنے سے گردوں کے سنگین مرض میں مبتلا ہونے کے بعد
پولیس نے کریم تیار کرنے والے برانڈ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لڑکی کے معالج نے بتایا کہ کریم میں مبینہ طور پر زہریلی مقدار میں پارہ موجود تھا جس کے باعث لڑکی کے گردے خون کو صاف کرنے کی صلاحیت متاثر ہونے کے مرض میں مبتلا ہو گئے۔ متاثرہ لڑکی نے سوشل میڈیا پر اشتہار دیکھنے کے بعد چہرے کے دانوں اور جلد کی رنگت کے دھبوں سے نجات کے لیے یہ کریم خریدی تھی جس کے بعد اسے بلڈ پریشر میں اچانک کمی، بے ہوشی اور ٹانگوں میں سوجن جیسی علامات کا سامنا کرنا پڑا۔
ہسپتال کے مطابق لیبارٹری ٹیسٹ میں کریم کے اندر پارے کی مقدار بارہ ہزار پانچ سو پارٹس پر ملین پائی گئی جبکہ جلد گوری کرنے والی مصنوعات میں اس کی قابلِ اجازت حد ایک پی پی ایم سے بھی کم ہے۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بعض غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ فیئرنس کریمز میں پارے اور سیسے جیسی زہریلی دھاتیں شامل ہو سکتی ہیں جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہیں اور سوشل میڈیا و واٹس ایپ کے ذریعے فروخت ہونے والی ایسی مصنوعات اکثر حکومتی نگرانی سے بچ نکلتی ہیں۔



















































