اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک روز میں سب سے زیادہ کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین لگانے کا ریکارڈ بن گیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 14 لاکھ 5 ہزار 352 افراد نے ویکسین کی خوراکیں لگوائی ہیں۔ یہ تعداد ملک بھر میں یومیہ ویکسی نیشن کی اب تک سب سے زیادہ ہے۔ مجموعی طور پر 5 کروڑ 51 لاکھ 78 ہزار 137 شہری ویکسین کی خوراکیں لگوا چکے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے ایک مرتبہ پھر سے بھرپور اپیل کی ہے کہ وہ کورونا ایس اوپیز سے پر عمل کریں اور جلد از جلد ویکسین لگوائیں تا کہ اس موذی وبا سے جان چھڑائی جا سکے۔