ریاض(این این آئی) سعودی عرب میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہاہے کہ دنیا کرونا پر قابو پانے کے قریب نہیں اور سعودی عرب اس دنیا کا حصہ ہے، ہم ہفتوں کی بات نہیں کر رہے بلکہ مہینوں کی بات کر رہے ہیں۔ وبا پر قابو پانے کے لیے کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔
عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کے اس بیان کے بعد مسلم دنیا میں رمضان المبارک اور عید الفطر لاک ڈاون اور کرفیو کے سائے میں منانے سے متعلق خدشات میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ایک میڈیا انٹرویو میں رمضان المبارک اور عید الفطر کرفیو میں گزرنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان وزارت صحت ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا کہ دنیا کرونا پر قابو پانے کے قریب نہیں اور سعودی عرب اس دنیا کا حصہ ہے، ہم ہفتوں کی بات نہیں کر رہے بلکہ مہینوں کی بات کر رہے ہیں۔ وبا پر قابو پانے کے لیے کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔انھوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اگر ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کریں گے تو ہزاروں افراد وائرس کی زد میں رہیں گے۔ یہ محض خیالی باتیں نہیں بلکہ حقیقت ہے۔ ڈاکٹر محمد العالی نے بتایا کہ کرونا کا ایک مریض ہزاروں افراد کو وائرس منتقل کرسکتا ہے، اسی لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے۔