اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیرِ صحت عامر کیانی نے کہا ہے کہ نرسنگ کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے مربوط حکمتِ عملی بنائی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ صحت نے ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کے ہم راہ مشترکہ پریس کانفرنس کی، عامر کیانی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لا رہے ہیں۔ وفاقی وزیرِ صحت نے کہا
’ہم شعبۂ صحت میں بہتری کے لیے عالمی ادارۂ صحت سے بھرپور شراکت داری چاہتے ہیں۔‘ وفاقی وزیرِ صحت عامر کیانی نے مزید کہا ’سربراہ ڈبلیو ایچ او کے دورۂ پاکستان پر شکر گزار ہیں، حکومت صحتِ عامہ کی بہتری اور انسدادِ پولیو کے لیے پُر عزم ہے۔‘ عامر کیانی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ٹیڈروس نے شعبۂ صحت میں بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا، ڈاکٹر ٹیڈروس نے قومی انسدادِ خسرہ مہم کی کام یابی کی بھی تعریف کی۔ وفاقی وزیرِ صحت نے مزید کہا کہ امید ہے ڈبلیو ایچ او انسدادِ پولیو و خسرہ کے لیے تعاون جاری رکھے گا، تحریکِ انصاف کی حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہے۔ واضح رہے کہ دو دن قبل عالمی ادارۂ صحت ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایدھنم پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے تھے، گزشتہ روز انھوں نے پولیو ڈونر کانفرنس میں شرکت کی۔ حکومت نے کی جانب سے 24 اکتوبر سے چلائی جانے والی ملک گیر قومی انسدادِ پولیو مہم کو عالمی ادارۂ صحت نے تاریخ کی کام یاب ترین مہم قرار دیا تھا، ڈونرز کانفرنس کا مقصد ڈونرز کو انسدادِ پولیو کے لیے پی ٹی آئی حکومت کی 3 سالہ ضرورتوں سے آگاہ کرنا تھا۔