نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارے برائے اطفال (یونی سیف) کے مطابق سالِ نو کے پہلے روز تین لاکھ 95 ہزار 72 بچے دنیا بھر میں پیدا ہوئے۔ یونی سیف کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بچے بھارت میں پیدا ہوئے، دوسرے نمبر پر چین
تیسرے پر نائیجیریا، چوتھے پر پاکستان جبکہ پانچویں پر انڈونیشیا رہا۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں یکم جنوری کو 69 ہزار 9سو 44، چین میں 44 ہزار 940، نائیجیریا میں 25 ہزار 685، پاکستان میں پندرہ ہزار ، انڈونیشیا میں 13 ہزار 256 بچوں کی پیدائش ہوئی۔ یونی سیف کے مطابق امریکا میں سال نو کی آمد پر 11 ہزار 86 بچوں کی پیدائش ہوئی اس طرح یہ ملک فہرست میں چھٹے نمبر پر رہا جبکہ آسٹریلیا میں صرف 168 بچوں کی پیدائش ہوئی۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال نے ایک مہم کا آغاز کیا تھا جس میں والدین کو یہ کہا تھا کہ وہ یکم جنوری کو پیدا ہونے والے بچوں کی تصاویر یونی سیف کو ارسال کریں۔ یونی سیف نے والدین کی جانب سے بھیجی جانے والی تصاویر کو اپنے ریکارڈ کا حصہ بنایا اور انہیں اعزاز دیا۔ یاد رہے کہ ادارہ برائے اطفال نے دنیا بھر میں پیدا ہونے والے بچوں کی زندگی کو بچانے کے لیے بھی مہم شروع کی ہوئی ہے، جس کے تحت والدین کو سمجھایا جاتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کا مکمل خیال رکھیں اور انہیں اچھی غذا فراہم کریں۔