اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ہمیشہ سے سنتے آرہے ہیں کہ اگر پیٹ خراب ہو تو ایک کیلا کھا لینا چاہیے، لیکن اگر قبض کی کیفیت ہو تو 2 کیلے کھا لینا اس مسئلے کو حل کردے گا۔ پیٹ خراب ہونا (دست آنا) اور قبض یہ دو ایسی کیفیات ہیں جن کا سامنا ہر شخص کو کسی نہ کسی موقع پر کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ پیٹ کے 2 عام مسائل ہیں جن سے لاکھوں افراد یومیہ بنیادوں پر نبرد آزما ہوتے ہیں۔ لیکن بہت سے افراد ان مسائل پر کھل کر بات نہیں کرپاتے۔ متعدد افراد ان مسائل کے لیے ڈاکٹرز سے بھی رجوع نہیں کرتے، البتہ وہی روایتی ٹوٹکے اپنا کر گھر میں علاج کرلیتے ہیں۔ ان میں ایک کیلے کھانا بھی ہے۔ کیلا ایک ایسا پھل ہے جو ہر موسم میں دستیاب ہوتا ہے۔ لیکن کیا واقعی کیلے پیٹ خراب ہونے کی صورت میں مدد دیتے ہیں؟ کہا جاتا ہے کہ کیلوں میں فائبر موجود ہوتا ہے، جو پیٹ صاف کرنے میں مدد دیتا ہے۔ جبکہ اس میں موجود پوٹاشیم بھی نظام ہاضمہ کو درست کرتا ہے اور ماہرین بھی کسی حد تک اس بات کو مانتے ہیں اور وہ اپنے مریضوں کو کیلے ہی تجویز کرتے ہیں۔ ڈاکٹرز کا ماننا ہے کہ جب پیٹ خراب ہوتا ہے تو کئی افراد کو کمزوری ہوجاتی ہے اور ایسے میں کیلے کھانا سب سے بہترین حل مانا جاتا ہے۔ کیلے میں اتنی غذائیت موجود ہے کہ یہ پیٹ خراب ہونے کے بعد کمزوری نہیں ہونے دیتے۔ کیلے کو دہی میں ملا کر کھانا بھی پیٹ کی خرابی کا بہترین حل مانا جاتا ہے جبکہ اسے ناریل کے پانی کے ساتھ بھی کھایا جاسکتا ہے۔