کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث دونوں ہاتھوں سے محروم ہونے والے ننھے حارث کو نئے ہاتھ مل گئے تفصیلات کے مطابق کراچی کا 11 سالہ رہائشی حارث بجلی کے تار گرنے کے باعث دونوں ہاتھوں سے محروم ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے اس کی زندگی یکسر بدل گئی۔ اس سانحے کے بعد جہاں مختلف سرکاری و نجی اداروں کی جانب سے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حارث کے اہل خانہ سے تعاون کا عزم کیا گیا، وہیں ملتان کے ایک ماہر مصنوعی اعضا ڈاکٹر اکرم نے بچے
کو مصنوعی ہاتھ لگانے کا وعدہ کیا تھا ۔ تین دن کے کامیاب آپریشن کے بعد حارث کو مصنوعی ہاتھ مل گئے، جس کے بعد وہ نہ صرف اشیا کو اٹھا سکتا ہے، بلکہ قلم پکڑکر اپنا نام بھی لکھ سکتا ہے ۔ ڈاکٹر اکرم نے حارث کے اہل خانہ کو زندگی بھر کے لیے مصنوعی ہاتھوں کی فراہمی اور علاج کی یقین دہانی کروائی ہے، والدین پرامید ہیں کہ اس واقعے کے بعد حارث کی زندگی میں واضح بہتری آئے گی ۔ گیارہ سالہ حارث مدرسے کی چھت پر بجلی کے تار گرنے کے باعث دونوں ہاتھوں سے محروم ہوگیا تھا۔