اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )دانتوں کی صفائی اور سفیدی کے لیے ٹوتھ پیسٹ کا استعمال تو بہت عام ہے جو انہیں مضبوط بھی بناتے ہیں مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ پیسٹ آپ کے چہرے کو دانوں سے نجات بھی دلا سکتا ہے؟اگرچہ سننے میں حیرت انگیز لگے مگر واقعی ٹوتھ پیسٹ بہت کچھ ایسا بھی کرسکتا ہے جس کا تصور بھی کبھی آپ نے نہیں کیا ہوگا اور دانتوں سے ہٹ کر بھی بہت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ٹوتھ پیسٹ کے ایسے ہی چند انوکھے طریقہ استعمال ہوسکتا ہے آپ کو حیران کرکے رکھ دیں۔
اسمارٹ فون کی اسکرین کی خراشیں دور کریں
اسمارٹ فونز کی اسکرین بہت جلدی خراشوں سے بھرجاتی ہے خاص طور پر اگر ان پر حفاظتی تہہ نہ ہو، تاہم اگر آپ کو یہ مسئلہ درپیش ہے تو تھوڑا سا ٹوتھ پیسٹ ایک صاف کپڑے پر لگائیں اور احتیاط کے ساتھ اسکرین پر موجود خراشوں پر رگڑیں، اس کے بعد ٹوتھ پیسٹ کو صاف کرکے اسکرین کو کپڑے سے خشک کرلیں۔
گاڑی کی ہیڈلائٹس صاف کریں
ٹوتھ پیسٹ کی مدد سے آپ گاڑی کی گندی اور خراشوں سے بھرجانے والی ہیڈ لائٹس کو صاف اور نئی جیسی بنا سکتے ہیں، کچھ مقدار میں ٹوتھ پیسٹ کو لگا کر کپڑے سے صاف کریں اور جادو دیکھیں، درحقیقت آج کل کے ٹوتھ پیسٹس میں ایسے اجزاءہوتے ہیں جو صفائی کے کاموں میں حیران کن ثابت ہوتے ہیں۔
جوتوں کی خستہ حالی ختم کریں
اگر تو آپ کے لیدر کے جوتوں پر شکنیں پڑ چکی ہیں تو معمولی مقدار میں ٹوتھ پیسٹ زبردست کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ متاثرہ حصے پر ٹوتھ پیسٹ لگائیں اور کسی نرم کپڑے سے اسے رگڑیں، جس کے بعد کسی اور کپڑے سے اسے صاف کردیں۔ جوتے کا چمڑہ نئے کی طرح چمکنے لگے گا۔
باتھ روم میں لگے آئینے کو دھندلا ہونے سے بچائیں
اگر تو آپ کے باتھ روم کا آئینہ دھندلا ہوجائے تو اس میں کچھ صاف نظر ہی نہیں آتا اور شیو کرتے ہوئے کٹ لگنے کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔ ایسا ہونے پر بغیر جیل والے ٹوتھ پیسٹ کی کوٹنگ شیشے پر کریں اور پھر صاف کرلیں۔
دیواروں سے رنگوں کے داغ ہٹائیں
تمام بچوں کو دیواروں پر پینٹ کا بہت زیادہ شوق ہوتا ہے جو ماؤں کے لیے گھروں کی صفائی کے دوران بہت بڑا چیلنج بھی بن جاتا ہے اور اس سلسلے میں بھی ٹوتھ پیسٹ زبردست کمال دکھاتا ہے،ٹوتھ پیسٹ کے ساتھ ایک کپڑے یا صفائی کرنے والا برش لیں، ٹوتھ پیسٹ کو دیوار پر لگائیں اور رگڑنا شروع کردیں، اس کے بعد دیوار کو پانی سے دھو لیں۔
کپڑوں سے سیاہی یا لپ اسٹک کے دھبے دور کریں
کسی قلم نے آپ کی پسندیدہ قمیض کی جیب کو خراب کردیا ہے تو یہ نسخہ آپ کے کام آسکتا ہے تاہم اس کا انحصار کپڑے کی قسم اور سیاہی پر ہوگا تاہم کوشش کرکے ضرور دیکھیں۔ ٹوتھ پیسٹ کو داغ پر لگائیں اور کپڑے کو مضبوطی سے رگڑیں اور پھر پانی سے دھولیں۔ اگر سیاہی کچھ حد تک دور ہوئی ہو تو اس عمل کو چند بار مزید دہرائیں جب تک وہ داغ ختم نہ ہوجائے۔ یہ طریقہ کار لپ اسٹک کے دھبوں پر کارآمد ثابت ہوتا ہے۔