اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چینی اور نمک کی زیادہ مقدار شوگر اور بلڈ پریشر کا باعث بن سکتی ہے اور انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہےمگر لوگوں کو یہ معلوم کیسے ہو سکتا ہے کہ وہ اپنے جسم کی ضروریات سے زیادہ چینی اور نمک کا استعمال کر چکے ہیں۔پریشان ہونے کی بات نہیں اب سائنسدانوں نے اس مسئلے کا حل ڈھونڈتے ہوئے ایک حیرت انگیز آلہ ایجاد کر لیا ہے
جو لوگوں کو چینی اور نمک کی مقدار کے حوالے سے بتادیا کرے گا۔ امریکی ریاست میساچوسٹس کی ٹفٹس یونیورسٹی کے سائنسدانوںنے ایک چھوٹا سا آلہ ایجاد کیا ہے جو دانتوں میں نصب کیا جائے گا اور جب وہ شخص محفوظ حد تک چینی، نمک اور دیگر ایسی اشیاءکھا چکا ہو گا تو یہ آلہ اسے وارننگ دے گا۔ یہ آلہ صارف کے موبائل فون سے منسلک ہو گا اور اس کی وارننگ موبائل فون کی ایپلی کیشن میں نمودار ہو گی۔تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر فیورنزو اومنیٹو کا کہنا تھا کہ ”ان کی یہ ایجاد لعاب میں غذائیت اور کیمیکلز وغیرہ کا سراغ لگائے گی اور لوگوں کو ان کی خوراک کو متناسب رکھنے میں مدد دے گی۔ یہ آلہ بالخصوص شوگر و دیگر ایسے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے بہترین ایجاد ثابت ہو گا۔اس آلے کا سائز بہت چھوٹا ہے جس کی وجہ سے بآسانی یہ ایک دانت میں نصب کیا جا سکتا ہے۔سائنسدانوں نے اس آلے کا تجرباتی طوراستعمال شروع کر دیا ہے اور بہت جلد یہ ہسپتالوں اور میڈیکل سٹورز پر دستیاب ہو گا۔ پاکستان میں اس کی دستیابی سے متعلق تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں تاہم امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بہت جلد یہ آلہ پاکستان اور ایشیا کے دیگر ممالک میں بھی با آسانی دستیاب ہو گا جس سے شوگر اور بلڈپریشر سمیت دیگر امراض کو کنٹرول کرنے میں مدد مل سکے گی جو صرف لوگوں کی غذا کی وجہ سے انہیں لاحق ہو رہے ہیں۔