ممبئی(این این آئی)بھارت میں ڈاکٹروں نے ایک 31 سالہ شخص کے سر سے 1.8 کلو وزنی برین ٹیومر یعنی دماغ میں رسولی نکالی ہے جو کہ ممکن ہے تاریخ میں کسی کے جسم سے نکالی گئی سب سے بڑی رسولی ہو۔میڈیارپورٹس کے مطابق سنت لال نامی اس شخص کا یہ آپریشن14فروری کو ممبئی کے نیئر ہسپتال میں کی گئی اور اس میں سات گھنٹے لگے۔تاہم اس کا اعلان اب تک اس لیے نہیں کیا گیا کیونکہ ڈاکٹروں کو یہ معلوم نہیں تھا کہ آپریشن کامیاب ہوا ہے یا نہیں۔
ہسپتال میں نیورو سرجری کے چیف ڈاکٹر تریمورتی ندکرانی نے بتایا کہ اب معاملہ اب کی صحت یابی کا ہے مگر وہ خطرے سے باہر ہیں،سنت لال ایک دکاندار ہیں اور اترپردیش میں رہتے ہیں۔ گذشتہ تین سال سے وہ اس رسولی کے ساتھ زندگی گزار رہے تھے۔ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ رسولی کی وجہ سے سنت لال اپنی بینائی کھو بیٹھے تھے اور انھیں امید ہے کہ مریض کی بینائی اب لوٹ آئے گی۔سنت لال کی بیوی نے بتایا کہ انھیں تین مختلف ہسپتالوں میں ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ اس رسولی کا آپریشن نہیں ہو سکتا۔ڈاکٹر تریمورتی ندکرانی نے بتایا کہ ایسے کیسز انتہائی حساس ہوتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سنت لال کے آپریشن میں انھیں 11 یونٹ خون لگانا پڑا اور سرجری کے بعد کئی روز تک انھیں وینٹیلیٹر پر رکھا گیا۔