بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور اقوام متحدہ (یواین) نے کہا ہے کہ رواں صدی میں سگریٹ پینے کے باعث چین میں 20 کروڑ جب کہ غربت کے باعث لاکھوں افراد ہلاک ہوں گے۔خیال رہے کہ چین جہاں آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے، وہیں وہ تمباکو تیار اور استعمال کرنے والا بھی دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے، جب کہ وہاں اس صنعت کو رقم بھی حکومت خود ہی فراہم کرتی ہے۔سال 2015 میں
تمباکو کی صنعت میں چین کو ریکارڈ 1.1 ٹریلین یو آن فائدہ حاصل ہوا، جب کہ اس میں سال بہ سال 20 فیصد اضافہ ہو رہا ہے، مگر عالمی اداروں کی حالیہ رپورٹ نے چین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام( یو این ڈی پی) کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر چین نے فوری طور پر تمباکو کے استعمال میں کمی نہیں کی تو وہ معاشی لحاظ سے بھی بری طرح متاثر ہوگا۔