کیوبیک (نیوزڈیسک) طویل زندگی ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے جس کے لیے بہت سے لوگ مخصوص غذائیں استعمال کرتے ہیں اور مختلف ایکسرسائز کے ذریعے اپنے آپ کو فٹ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اب ماہرین نے دعویٰ کیا ہےکہ انہوں نے ایسے 6 اہم قدرتی اجزا دریافت کیے ہیں جو انسانی عمر کو طویل کرسکتے ہیں۔ کینیڈا کی ایک ادویاتی کمپنی اور کونکورڈیا یونیورسٹی نے مختلف پودوں سے حاصل ہونے والے اجزا کی 10 ہزار مرتبہ آزمائش کی اور نوٹ کیا کہ ان میں سے بعض اجزا نے خمیر (ییسٹ) کی زندگی کو بڑھایا ہے۔ ماہرین نے خمیر پر تحقیق کے بعد اعلان کیا ہے کہ مالیکیولز کے 6 نئے گروپس انسانی زندگی کو بڑھا سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایک اہم عنصر بید مجنون ( ولو) درخت کے تنے سے ایک اہم جزو نے خمیر کی زندگی کو 369 فیصد تک بڑھایا ہے، اگر خمیر کی بجائے یہ پیچیدہ جانوروں پر آزمایا جائے اور اس کے وہی نتائج مرتب ہوسکیں تو یہ ایک اہم کامیابی ہوگی۔ اس کے علاوہ دیگر اہم پودوں سے بھی ایسے اجزا نکلے ہیں جو عمررسیدگی کے عمل کو کم کرتے ہیں جن میں جنگو بلوبا، ایپیئم، اور دیگر جڑی بوٹیاں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ تجربہ گاہ میں خمیر کو کئی اہم ٹیسٹ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور جو لوگ طویل زندگی پر تحقیق کررہے ہیں وہ خمیر پر دوائیں آزماتے ہیں۔