لندن(نیوز ڈیسک) دانتوں میں سوراخ اور جوف کو روکنے والا ایک منفرد ٹوتھ پیسٹ تیار کرلیا گیا ہے۔ یہ ٹوتھ پیسٹ یونیورسٹی آف لندن کے ماہرین نے تیار کیا ہے جو استعمال کے دو گھنٹے بعد ہی دانتوں میں کیلشیئم، فاسفیٹ اور فلورائیڈ خارج کرنا شروع کردیتا ہے۔ ماہرین نے اس ٹوتھ پیسٹ کو بایومن یاف کا نام دیا گیا ہے جو سینڈ بلاسٹنگ کی طرح دانتوں میں معدنیات خارج کرتا ہے اور اس طرح نیند کے دوران بھی آپ کے دانتوں کی مرمت ہوتی رہتی ہے۔جس طرح دانتوں میں فلنگ کی جاتی ہے بالکل اسی طرح ٹوتھ پیسٹ کی معدنیات دانتوں پر جم کر ان کی ٹوٹ پھوٹ کو روکتی ہیں۔ سائنسدانوں کے مطابق بایومن ایف بڑوں کے مقابلے میں بچوں کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ وہ دن میں تین مرتبہ کھانے کی بجائے سارا دن کچھ نہ کچھ کھاتے رہتے ہیں اور سافٹ ڈرنکس اور جوس کے شوقین ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے دانتوں کو شدید نقصان پہنچتا رہتا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق تجربہ گاہ میں اس ٹوتھ پیسٹ کی آزمائش کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔