اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نکھری نکھری بے داغ اور چمکدار جلد دنیا بھر میں موجود بیشتر افرادکا خواب ہوتا ہے۔ بہت سے لوگ اس مقصد کے حصول کیلئے مہنگی کریمز پر ڈھیروں روپیہ خرچ کرتے ہیں۔ لیکن نتیجہ مثبت کی بجائے کبھی کبھار ایکنی اور دانوں کی صورت میں بھی نکل آتا ہے۔تاہم ماہرین صحت کی رائے کے مطابق جلد کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے کیمیکلز والی کریمز کی بجائے قدرتی غذا کو خوراک کا حصہ بنائیں تاکہ مثبت اور دیرپا نتائج کا حصول ممکن ہو سکے۔ماہرین کی جانب سے جلد کی خوبصورتی میں اضافے کے خواہاں افراد کیلئے خوراک کے حوالے سے چند تجاویز پیش کی گئی ہیں جن کے باقاعدہ او ر متناسب استعمال سے آپ کی جلد تروتازہ ،نکھری ، بے داغ اور چمکدار ہو سکتی ہے۔پہلی غذاسنگترہ :شفاف چمکدار جلد کیلئے سنگترے کا استعمال بہترین ہے، کیونکہ اس پھل میں وٹامن سی اور اے وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو صحت مند جلد کیلئے بے حد ضروری ہوتا ہے۔دوسری غذاگاجر :گاجر وٹامن اے اور بیٹا کیروٹین سے بھرپور ہوتی ہے اس کا باقاعدہ استعمال جلد میں چمک پیدا کرتا ہے اور اسے جواں رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔تیسری غذاشکر قندی :اس سبزی میں وٹامن اے ، پوٹاشیم اور فائبر وافرمقدار میں پایا جاتا ہے جو صحت مند جلد کیلئے ناگزیر ہے۔چوتھی غذا اخروٹ : اخروٹ اومیگا 3فیٹی ایسڈ’الفا لینولینک ایسڈ، اے ایل اے‘ سے بھرپور ہوتے ہیں جو جلد کو نرم ملائم اور صحت مند رکھتے ہیں۔پانچویں غذا تربوز:اس پھل میں وٹامن اے اور سی کے ساتھ پوٹاشیم بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو جلد کی تازگی میں بے پناہ اضافہ کرتا ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں