اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اگر تو آپ موٹاپے کر قابو پانا چاہتے ہیں تو ناشتے میں چند چیزوں کا استعمال زیادہ کردیں۔ یہ بات فن لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ وی ٹی ٹی ٹیکنیکل ریسرچ سینٹر کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پھل، دودھ سے بنی مصنوعات یا ٹھنڈے دلیے کا ناشتے میں استعمال جسمانی وزن کو صحت مند سطح پر رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس تحقیق کے دوران ڈیڑھ سو کے قریب افراد کی ناشتے کی غذائی عادات کا کئی ماہ تک جائزہ لیا گیا۔ محققین کے مطابق نتائج سے توقع ملتی ہے کہ ناشتے کی غذائی عادات سے جسمانی وزن میں کمی کی کوشش کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ناشتہ دن کی سب سے اہم ترین غذا ہے اور صحت بخش اشیا کا انتخاب موٹاپے سے بچاﺅ یا جسمانی وزن میں کمی کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے۔ محققین کے مطابق اگر صحت مند افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیں تو معلوم ہوگا کہ وہ ناشتے میں پھلوں کا انتخاب کرتے ہیں جس کے بعد دودھ سے بنی مصنوعات اور دلیہ کا نمبر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند یا دبلے پتلے افراد ناشتہ چھوڑنے کی بجائے اسے کرنا پسند کرتے ہیں جس سے ناشتے کی اہمیت کے حوالے سے پرانی طبی رائے کو تقویت ملتی ہے، تاہم اہم عنصر یہ ہے کہ صحت بخش اشیا کا انتخاب کیا جانا چاہئے۔