لاہور(نیوز ڈیسک) حکومت نے محکمہ صحت کے انتظامی امور کی بہتری کےلئے ریٹائرڈ فوجی افسران بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا ، آرمڈ فورسز سے میجر اور کرنل رینک کے ریٹائرد افسران کو سپورٹ مینیجر کے عہدے پر ایک سال کے کنٹریکٹ پر ذمہ داری دی جائے گی ۔ بتایا گیاہے کہ محکمہ صحت پرائمری اور سکینڈری کے شعبوں کے انتظامی امور میں بہتری لانے کےلئے 27اضلاع میں سپورٹ مینیجر کا عہدہ تشکیل دے کر ان پر آرمڈ فورسز سے میجر اور کرنل رینک سے ریٹائرڈ ہونے والے افسران کو بھرتی کرنے کےلئے درخواستیں طلب کر لی ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ سپورٹ مینیجر کا عہدے پر ایک سال کے کنٹریکٹ پر بھرتی کی جائے گی اور ان کی تنخواہ کم از کم ایک لاکھ تیس ہزار روپے ماہانہ ہو گی جبکہ عمر کی حد 55سال رکھی گئی ہے ۔ بتایاگیا ہے کہ اس سلسلہ میں باضابطہ اشتہار جاری کر دیا گیا ہے اور رواں سال 27اضلاع میں بھرتی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔