کیلیفورنیا(نیوز ڈیسک ) خواتین خصوصاً نوعمر لڑکیوں کا شادی سے قبل زیادہ میک اپ کرنا جسم میں مضر کیمیکل کی وجہ بن رہا ہے اور ان کے جسم میں ضروری ہارمون کی پیداوار بھی شدید متاثر ہوتی ہے جس سے عمر کے اگلے حصے میں کئی بیماریاں پیدا ہوسکتی ہیں۔یونیورسٹی آف کیلیفورنا برکلے کی خاتون سائنسدان کے مطابق خواتین ہی میک اپ اور دیگر اشیا کا سب سے زیادہ استعمال کرتی ہیں اور نوعمر لڑکیاں انہیں زیادہ استعمال کرتی ہیں اور نقصان اٹھاسکتی ہیں کیونکہ وہ بلوغت سے گزررہی ہوتی ہیں اور ان کا تولیدی نظام بن رہا ہوتا ہے جو آگے چل کر کئی مسائل کی وجہ بن سکتا ہے۔ مطالعے کے مطابق اگر صرف تین دن کے لیے ہی میک اپ سے دور رہا جائے تو اس سے مضر کیمیکل کی تعداد کم کی جاسکتی ہے کیونکہ خوشبوؤں، بالوں کی افزائش، صابن، اسپرے اور سن اسکرین مضرِ صحت کیمیکل سے بھرے ہوئے ہیں۔سائنسدانوں نے نے مشورہ دیا ہے کہ خواتین ایسے میک اپ کا انتخاب کریں جس میں کم سے کم کیمیکل ہوں کیونکہ امریکا ہویا یورپ ان ممالک میں میک اپ مصنوعات کی درجہ بندی اور نگرانی کا نظام بھی بہت مؤثر نہیں۔ سائنسدانوں کا دوسرا مشورہ یہ ہے کہ خواتین میک اپ کا استعمال وقفے وقفے سے ترک کرتی رہیں تاکہ کیمیکل جسم میں جمع نہ ہونے پائیں جب کہ سب سے بڑھ کر نو عمر لڑکیاں اس سے اجتناب کریں۔