لندن (نیوزڈیسک )اگر تو آپ کو فاسٹ فوڈ بہت زیادہ پسند ہیں تو بری خبر یہ ہے کہ اس کی عادت آپ کو آنتوں کے کینسر کا شکار بناسکتی ہے۔یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی ہے۔میساچوسٹس انسٹیٹوٹ آف ٹیکنالوجی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ فاسٹ فوڈ صرف موٹاپے یا ذیابیطس جیسے امراض کا خطرہ نہیں بڑھاتا بلکہ اس کے نتیجے میں کینسر بھی آپ کو اپنا نشانہ بناسکتا ہے۔کیونکہ بہت زیادہ چربی سے بھرپور یہ غذا آنتوں کے اندر ایسے خلیات کی مقدار بڑھا دیتی ہے جو رسولی کی شکل میں بدل سکتے ہیں۔ فاسٹ فوڈ کے نتیجے میں ایسے خلیات کا گروپ بن جاتا ہے جو اسٹیم سیلز کی طرح اپنی مقدار بڑھاتے چلے جاتے ہیں اور یہ دونوں طرح کے خلیات آنتوں کے اندر رسولی کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں۔بہت زیادہ چربی والی غذا نہ صرف آنتوں کے اندر اسٹیم سیلز کو بدل دیتی ہے بلکہ یہ دیگر خلیات پر بھی اثرانداز ہوتی ہے جو جمع ہوکر رسولی کی تشکیل کا عمل بڑھا دیتے ہیں۔