لاہور(نیوزڈیسک) فارما سیوٹیکل کمپنیوں کے گٹھ جوڑ کے باعث لاہور میں مرگی، بلڈ پریشر سمیت دیگر امراض کی ادویات نایاب ہوگئیں،ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بلیک مارکیٹنگ بھی شروع کردی گئی،مزید سینکڑوں ادویات کی مصنوعی قلت پیدا کر کے من مانے ریٹ وصول کیے جانے لگے۔ ذرائع کے مطابق فارما سیوٹیکل کمپنیوں کے گٹھ جوڑ کے باعث مرگی، بلڈ پریشر، دل کے امراض، شوگر اور کھانسی سمیت دیگر امراض کی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بلیک مارکیٹ بھی شروع ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد فارما سیوٹیکل کمپنیوں نے جان بوجھ کر بعض امراض کی ادویات کی مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے۔ جن میڈیکل اسٹورز پر یہ ادویات دستیاب ہیں وہاں مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں۔دوران زچگی استعمال ہونے والی ادویات کی بھی مصنوعی قلت سے حاملہ خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ مارکیٹ میں بلڈ پریشر کی اٹھارہ، حاملہ خواتین کو دیے جانے والے تیرہ ملٹی وٹامن، اور معدے کی تیزابیت کی نو ادویات مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب بھی فارما سیوٹیکل کمپنیوں کے ہاتھوں بے بس نظر آ رہی ہے جس کے باعث ان ادویات کی مارکیٹ میں قلت روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔