لندن(نیوزڈیسک)ہمارے جسم میں ایک حصہ ایسا بھی ہے جس کی صحت کو دیکھتے ہوئے ہم اپنے دماغ کی صحت کے بارے میں بتاسکتے ہیں اور یہ حصہ ہماری ٹانگیں ہیں۔کنگزکالج لندن کے تحقیق کاروں کاکہنا ہے کہ جتنے ہماری ٹانگوں کے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں اتنا ہی ہمارا دماغ بہتر طریقے سے کام کرتا ہے۔Gerontologyمیں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہم ورزش اور واک سے اپنی ٹانگوں کو مضبوط بناتے ہیں اور ساتھ ہی ٹانگوں کی مضبوطی سے ہمارے دماغ پر اس کے انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ماہرین نے 1999ءسے دس سال کے لئے 324صحت مند جڑواں خواتین کامطالعہ کیا اور تحقیق کے آغاز اور اختتام پر ان خواتین کی سوچ،علم اور یاداشت کو دیکھا گیااور یہ بات سامنے آئی کہ جن کی ٹانگیں مضبوط تھیں ان کا دماغ کافی تیز ی سے کام کررہاتھا۔تحقیق کار ڈاکٹر کلیر سٹیوز کا کہنا تھا کہ ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ اس کا دماغ بہتر طریقے سے کام کرے اور تحقیق میں یہ بات ثابت ہوئی کہ جن لوگوں نے اپنی ٹانگوں کو مضبوط رکھا،ان کی دماغی صحت ان لوگوں کی نسبت زیادہ تھی جنہوں نے اپنی ٹانگوں کے پٹھوں پر خاص توجہ نہ دی۔