میڈرڈ(نیوز ڈیسک)دودھ اور بادام ایک ایسی صحت بخش اور لذیذ مشروب ہے کہ ہم سب رغبت سے اسے پیتے ہیں لیکن ایک سالہ بچے کے لئے مشروب انتہائی خطرناک ثابت ہوا اور اپنے بچے کی حالت دیکھ کر والدین کے پاﺅں کے نیچے سے زمین ہی نکل گئی۔تفصیلات کے مطابق ایک ہسپانوی ڈاکٹر نے ایک جریدے میں لکھا ہے کہ اس کے پاس ایک بچے کو لایا گیاجسے اڑھائی ماہ تک گائے کے دودھ پر رکھا گیالیکن اس کی وجہ سے بچے کی جلد پر سوزش ہوگئی اور ڈاکٹروں نے اس کی غذا تبدیل کردی۔اب بچے کو بادام اور دودھ کا مشروب دیا جانے لگااور وہ روزانہ 30اونس دودھ پیتا۔اس کا کہنا ہے کہ جب بچہ چھ ماہ کا ہوا تو اس کی ماں نے اسے پھل وغیرہ دینے کی کوشش کی جو اس نے زیادہ رغبت سے نہیں کھایالیکن جب بچہ سات ماہ کا ہوا تو اسے اٹھنے اور بیٹھنے میں مشکل پیش آنے لگی ۔بظاہر بچہ صحت مند نظر آتا تھا اور11ماہ کی عمر میں اس کے جسم میں کئی پیچیدگیاں پیدا ہونے لگیں اور بچے کے لئے اٹھنا اور بیٹھنا ناممکن ہوگیا۔اگر کوئی بھی شخص اس کی ٹانگیں چھیڑتا یا اسے فرش پر کھڑا کرنے کی کوشش کرتا تو بچہ زاروقطار رونے لگتا۔جب بچے کا علاج شروع ہوا تو یہ بات سامنے آئی کہ اسے کے جسم میں وٹامن سی اور ڈی کی شدید کمی ہونے کے ساتھ وہ گھٹیے کے مرض میں مبتلا ہوچکا ہے۔اب ڈاکٹروں نے فوری طور پر بادام والا دودھ چھڑواکر بچے کو گوشت،پھل اور وٹامن ڈی والی غذائیں دینی شروع کردیں۔تحقیق کار ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں کہ تمام بچے جو بادام اور دودھ کا استعمال کرتے ہیں کو یہ مرض لاحق ہو لیکن اس کے ساتھ ضروری ہے کہ دیگر غذائیں جیسے پھل اور گوشت دیا جائے تا کہ ان کے جسم میں وٹامن سی اور ڈی کی کمی نہ ہو۔اس کا کہنا تھا کہ اگر بچوں کو اس طرح کے مشروبات کے ساتھ دیگر غذائیں نہ دی جائیں تو بچے اس طرح کی خطرناک بیماری میں مبتلا ہوجاتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ انہیں ماں کے دودھ کے ساتھ ٹھوس غذائیں بھی کھلائی جائیں۔