اسلام آباد(نیوزڈیسک )ایک غیرملکی اخبارکی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا میں امیروں اور غریبوں کے درمیان اوسط عمر میں فرق بڑھ گیا ہے۔امریکا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق امیر اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی اوسط عمر بڑھ رہی ہے جبکہ غریب کی اوسط عمر بتدریج کم ہورہی ہے۔رپورٹ کے مطابق ، 2010ءتک 50سالہ ایک شخص، جس کی آمدنی اچھی تھی، اس کے حیات رہنے کی امید 89 برس تک تھی، لیکن اگر اسی 50سالہ شخص کی آمدنی اگر اوسط سے کم ہو تو پھر اس کی زندگی کی امید 76 برس تک ہی تھی۔ماہرین کے مطابق اس کے اثرات امریکی سوشل سیکورٹی سسٹم پر پڑرہے ہیں کیونکہ سوشل سیکورٹی کا اصل مقصد دراصل غریب افراد کو بڑھاپے میں سہولتیں اور معاونت فراہم کرنا تھا، لیکن چونکہ امیر افراد کی اوسط عمر غریبوں سے زیادہ ہوگئی ہے لہٰذا اس نظام کا سب سے زیادہ فائدہ بھی وہی اٹھارہے ہیں۔