پونے: ایک اچھا اور جلدی مل جانے والا چائے کا کپ انسان کے ایک اندر چستی اور تیزی پیدا کردیتا ہے لیکن چائے کا ایک طریقہ ہے جس کو تیار کرنے میں وقت درکار ہوتا اور کچھ انتظار کرنا پڑتا ہے لیکن اب حاضر ہے جلد چائے تیار کردینے والا الیکٹرانک ٹی بیگ بس بٹن دبایئے اور لمحوں میں آپ کے پسندیدہ ذائقے کی چائے تیار ہوجائے گی۔
اس آلے کو تیار کرنے والے ڈیزائنرپونے کی 22 سالہ بھارتی طالبہ اوتارا گھوٹکے نے’ مائی چائے‘ کا نام دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ٹھنڈے پانی کے کپ میں اسے رکھیں اور بٹن دبادیں، بٹن دباتے ہی ٹی بیگ میں موجود چائے کے پتے فوری طور پر حل ہونا شروع ہوجایئں گے اور بس چند لمحوں میں چائے تیار ہو جائے گی۔ الیکٹرانک ٹی بیگ میں بیٹری لگائی گئی ہے جو اس کو چارج کرتی ہے اس لیے آپ اسے جیب اور ہینڈ بیگ میں رکھ سکتے ہیں اور جب اور جہاں دل کرے اسے نکالیں اور چائے تیارکر لیں جبکہ بیٹری کو ری چارج کرنے سے قبل اس سے 3 سے 4 کپ تیار کر سکتے ہیں۔ اس الیکٹرانک ٹی بیگ میں چار قسم کی چائے وقت کو ایڈجسٹ کر کے تیار کی جا سکتی ہے۔ چائے پینے والا سبز چائے، بلیک ٹی، ہربل یا اولونگ چائے میں سے جو بھی پینا چاہے بس اپنے ذائقے کے مطابق اس کے تہ میں چائے کی پتیاں رکھ دے، اس میں لگا تھرمو الیکٹرک میٹریل پانی کو مطلوبہ درجہ حرارت پر گرم کردیتا ہے۔ بلیک ٹی 88 ڈگری پر تین منٹ میں تیارہوجاتی ہے جبکہ سبز چائے کو تیار کرنے میں صرف دو منٹ لگتے ہیں۔
گھوٹکے کا کہنا ہے کہ اسے اس ڈیوائس کو تیار کرنے میں 2 سال کا عرصہ لگا جبکہ اس کی قیمت 35 پاونڈز ہے۔