اٹلانٹا: عموماً بچوں کو ان کی سالگرہ پر خوبصورت اور ان کے من پسند تحائف ملتے ہیں جنہیں پا کر وہ خوشی سے پھولے نہیں سماتے لیکن امریکہ میں ایک بچی کو اس کی تیسری سالگرہ پر ملا دل کا تحفہ ہارٹ پلانٹ کی صورت میں جسے اس کے خراب دل کی جگہ لگا کر اسے نئی زندگی کی نوید سنادی گئی۔
امریکی ریاست اٹلانٹا میں 3 سال کی معصوم بچی گریس کینٹرل 9 ماہ قبل دل کی بیماری کے ساتھ چلڈرن ہیلتھ کیئر اٹلانٹا میں داخل ہوئی جہاں ڈاکٹر نے ان کے والدین کو بتایا کہ گریس کا دل تبدیل ہوگا اور اس کے لیے انہیں 3 سے 4 ماہ کا انتظار کرنا پڑے گا اور جیسے ہی گریس کے دل جیسا دل کسی ڈونر نے دیا تو اسے گریس کو لگا دیا جائے گا تاہم مناسب ڈونر کے لیے گریس کو 9 ماہ کا طویل انتظار کرنا پڑا جس کے بعد گزشتہ روز بالآخر انہیں مچنگ دل مل ہی گیا۔ دل کے ملتے ہیں ڈاکٹرز نے فوری آپریشن کے انتظامات شروع کردیئے اورعین گریس کی سالگرہ والے دل اس کے کمزور اور بیمار دل کو نکال کر نیا طاقتور دل کامیابی کے ساتھ لگا دیا گیا۔
گریس کے ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ سال مارچ میں اسپتال میں داخل ہوئی جب کہ ٹیسٹ سے پتہ چلا کہ گریس کا دل کارڈیو مایو پاتھی کا شکار ہے جس سے دل کے دونوں وینٹریکل سخت ہوجاتے ہیں اور خون کو دل کی طرف آنے میں مزاحمت کرتے ہیں جس سے دل کمزور پڑ جاتا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ اس طرح کی بیماری بہت ہی کم بچوں میں پائی جاتی ہے۔