پاکستانی اسٹار یونس خان نے مزید کئی ریکارڈز قدموں تلے روند ڈالے ۔ وہ کینگروز کیخلاف مسلسل تین اننگز میں سنچریاں اسکور کرنے والے 90 برس بعد پہلے کھلاڑی بن گئے، مدثر نذر، ظہیر عباس اور محمد یوسف دیگر ٹیموں کے خلاف یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ابوظبی ٹیسٹ کے پہلے دن یونس خان نے آسٹریلیا کیخلاف مسلسل تیسری سنچری بنا کر90 برس پرانا ریکارڈ برابر کر دیا،اس سے قبل1924۔25میں انگلینڈ کے ہربرٹ اسٹکلف نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا،پاکستانی بیٹسمین نے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں جڑ کر سب سے زیادہ 26 سنچریوں کا ملکی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جو اب 27 ہوگئی ہیں، یونس لگاتار تین ٹیسٹ سنچریاں اسکور کرنے والے چوتھے پاکستانی بن گئے۔کینگروزکیخلاف یہ کارنامہ سرانجام دینے والے اپنے ملک کے پہلے کرکٹر ہیں، یونس سے قبل پاکستان کیلیے مدثر نذر (بمقابلہ بھارت 1982)، ظہیر عباس(بمقابلہ بھارت 1982) اور محمد یوسف ( بمقابلہ ویسٹ انڈیز 2006) لگاتار تین اننگز میں سنچری بنا چکے ہیں۔ یونس مسلسل تین اننگز میں تھری فیگراننگز کھیل کر اس بات کو یقینی بناچکے ہیں کہ ان کی چار اننگز میں کم سے کم ایوریج 50 رہے گی۔اس سے قبل چار اننگز میں یہ کارنامہ ڈان بریڈ مین اور سٹکلف نے انجام دیا ہے۔ 30 برس بعد پاکستان کے ٹاپ4 بیٹسمینوں نے آسٹریلیا کیخلاف 35 پلس رنز اسکور کیے ہیں، آخری مرتبہ ایسا ایڈیلیڈ میں دسمبر 1983 میں ہوا تھا۔ گذشتہ 8 برس میں تیسری مرتبہ پاکستان نے مسلسل دوسری اننگز میں ففٹی پلس اوپننگ شراکت کی، پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اوپنرز نے 71 اور اب ابوظبی میں 57 کی ابتدائی شراکت بنائی۔پہلی اننگز میں اب تک پاکستانی بیٹسمین 18 مرتبہ تین، تین رنز لے چکے، یہ2001 کے بعد دوڑ کر تین رن لینے کی بڑی تعداد ہے۔ اس سیریز میں پاکستان کے بیٹسمینوں کی جانب سے اب تک 6 سنچریاں بن چکیں،آسٹریلیا کے خلاف 1999 سے 2010 تک مجموعی طور پر گرین کیپس کی جانب سے 6 تھری فیگر اننگز سجائی گئی تھیں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں