راولپنڈی۔۔۔ ۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کسی قسم کی دہشتگردی کے لئے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ آپریشن ’’ ضرب عضب ’’ اور آپریشن ’’ خیبرون ’’ پلان کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں کسی بھی تفریق کے بغیر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں دہشتگردی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے، آپریشن ’’ ضرب عضب’’ شروع ہونے سے پہلے افغانستان کو پیغام دیا تھا کہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے آپریشن کیا جائے گا جس میں تعاون درکارہے تاہم سرحد پار سے کوئی تعاون نہیں کیا گیا جبکہ افغان صوبے کنڑ اور نورستان میں فضل اللہ اور دیگر نے کیمپ قائم کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرایجنسی میں ‘‘خیبرون ’’ کے نام سے آپریشن جاری ہے جہاں انٹیلی جنس اطلاعات پردہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ آپریشن کے دوران 100 سے زائد دہشتگردوں نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں اور کارروائی میں 40 سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔