اسلام آباد ۔۔۔۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی استعفوں کی تصدیق کیلئے آج سپیکر کے سامنے پیش ہوں گے ، تاہم عمران خان نہیں جائیں گے ، شاہ محمود قریشی ان کی ترجمانی کریں گے ، تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے خیبر پختونخواہ ہاؤس اسلام آباد میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اجلاس میں استعفوں سے متعلق اختیار پارٹی چیئرمین کو دینے کا فیصلہ کیا ، مشاورت کے بعد 28 ارکان قومی اسمبلی نے عمران خان سے ملاقات کی اور 29 اکتوبر کو اکٹھے سپیکر کے سامنے پیش ہونے کا اعلان کر دیا۔ ارکان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہ استعفوں کی تصدیق کیلئے دو بجے سپیکر کے چیمبر میں جائیں گے ، اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے کے معاملے پر پارٹی میں کوئی اختلاف رائے نہیں۔ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ پارٹی چیئرمین عمران خان سپیکر چیمبر میں پیش نہیں ہوں گے جن کی ترجمانی وہ خود کریں گے ، تین اراکین شہریار، خیال زمان اور مراد سعید بیرون ملک ہیں جن کے استعفوں کی تصدیق ان کی واپسی پر ہو گی۔