اسلام آباد ۔۔۔۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے چیف الیکشن کمشنرکے تقرر کے لئے سپریم کورٹ سے تین ماہ کا وقت مانگ لیا، اپوزیشن لیڈر کا موقف ہے کہ وزیراعظم کے ساتھ بہترین ناموں پر مشاورت جاری ہے۔قومی اسمبلی میں قا ئد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے اپنا جواب بیرسٹر اعتزاز احسن کی وساطت سے سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے جواب میں اپوزیشن لیڈر نے موقف اختیار کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آئینی عہدہ ہے جس پر تقرری وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے ہونی ہے۔ اس حوالے سے ضروری ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری بامقصد ہو اور اتفاق رائے سے کی جائے جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کے ساتھ بہترین ناموں پر مشاورت جاری ہے اور مشاورت کو وسیع البنیاد بنانے کیلئے تمام پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ تقرری کے عمل پر مقننہ کی نگرانی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے تین ماہ کا وقت دیا جائے ، عدالت عظمیٰ نے اٹھائیس اکتوبر تک چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا حکم دیا تھا۔