اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ اداکار عامر خان نے ممبئی میں تین پرتعیش اپارٹمنٹس کرائے پر حاصل کیے ہیں، جن کا مجموعی ماہانہ کرایہ 38 لاکھ بھارتی روپے ہے۔
رجسٹریشن دستاویزات کے مطابق تینوں فلیٹس کا مجموعی رقبہ 12 ہزار 200 مربع فٹ ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ رہائشی یونٹس ممبئی کے سانتا کروز ویسٹ میں نارتھ ایونیو کے علاقے میں واقع ’سیزنز تریمورتی‘ منصوبے کا حصہ ہیں۔ ان کے لیز معاہدے سیزنز ایونیو پراپرٹیز اور عامر حسین خان کے درمیان کیے گئے ہیں۔دستاویزات کے مطابق اپارٹمنٹس عمارت کی 11ویں، 12ویں اور 14ویں منزل پر واقع ہیں۔ ان میں سب سے بڑے فلیٹ کا اندرونی رقبہ 6 ہزار 200 مربع فٹ ہے، جبکہ دیگر دو اپارٹمنٹس 3، 3 ہزار مربع فٹ پر مشتمل ہیں۔ تینوں رہائش گاہوں کے ساتھ مجموعی طور پر 9 گاڑیوں کی پارکنگ بھی مختص کی گئی ہے۔
کرائے کی تفصیلات کے مطابق بڑے اپارٹمنٹ کے لیے ماہانہ 20 لاکھ روپے جبکہ باقی دو یونٹس کا کرایہ 9، 9 لاکھ روپے رکھا گیا ہے۔ اس طرح تینوں فلیٹس کا مجموعی ماہانہ کرایہ 38 لاکھ روپے بنتا ہے۔معاہدوں کی مدت چار سال یعنی 48 ماہ مقرر کی گئی ہے، جو یکم جنوری 2027 سے شروع ہو کر 31 دسمبر 2030 تک جاری رہے گی۔ اس حساب سے ابتدائی سال کا مجموعی کرایہ 4 کروڑ 56 لاکھ روپے بنتا ہے۔ معاہدے میں ہر سال کرائے کی رقم میں 5 فیصد اضافے کی شرط بھی شامل ہے، جبکہ مجموعی سیکیورٹی ڈپازٹ 38 لاکھ روپے رکھا گیا ہے، جو ایک ماہ کے کرائے کے برابر ہے۔معاہدے کے مطابق عمارت کی دیکھ بھال، پانی کے بل اور پراپرٹی و میونسپل ٹیکس کی ادائیگی مالک کی ذمہ داری ہوگی اور یہ اخراجات کرائے میں شامل ہیں۔
اپارٹمنٹس میں مالک کی اجازت کے بغیر کسی قسم کی ساختی تبدیلی یا مستقل تعمیر کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس معاملے پر عامر خان اور متعلقہ ڈیولپر کا مؤقف حاصل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔ممبئی میں مہنگی رہائش کرائے پر لینے کا یہ عامر خان کا پہلا معاملہ نہیں۔ مئی 2025 میں انہوں نے پالی ہل کے علاقے میں واقع ’ولنومونا اپارٹمنٹس‘ کے چار یونٹس بھی کرائے پر لیے تھے، جن کا ماہانہ مجموعی کرایہ 24 لاکھ 50 ہزار روپے تھا۔ اس معاہدے کی مدت پانچ سال، یعنی مئی 2030 تک تھی، جبکہ 45 ماہ کی لازمی مدت بھی طے کی گئی تھی، جس دوران معاہدہ ختم نہیں کیا جاسکتا تھا۔ اس وقت سیکیورٹی ڈپازٹ ایک کروڑ 46 لاکھ روپے سے زائد اور سالانہ کرائے میں 5 فیصد اضافے کی شرط بھی سامنے آئی تھی۔
عامر خان کے ان عارضی رہائشی انتظامات کی وجہ باندرہ میں واقع ’ورگو کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی‘ کی تعمیر نو بتائی جاتی ہے، جہاں ان کے تقریباً 12 اپارٹمنٹس موجود ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس منصوبے کی تعمیر نو ایٹموسفیئر ریئلٹی کے ذریعے کی جارہی ہے، جس میں وادھوا گروپ، مین انفراکنسٹرکچر اور چندک گروپ شراکت دار ہیں۔اداکار ممبئی میں جائیداد خریدنے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔ جون 2024 میں انہوں نے پالی ہل کے ’بیلا وسٹا اپارٹمنٹس‘ میں 1,027 مربع فٹ کا فلیٹ 9 کروڑ 75 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ اس خریداری کی تفصیلات پراپرٹی رجسٹریشن ریکارڈ کے جائزے کے بعد اسکوائر یارڈز نے جاری کی تھیں۔فلیٹ کی خریداری پر 58 لاکھ 50 ہزار روپے اسٹامپ ڈیوٹی جبکہ 30 ہزار روپے رجسٹریشن فیس ادا کی گئی تھی۔



















































