اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کی صاحبزادی حجاب خلیل کی حالیہ سوشل میڈیا ویڈیوز صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں،
جہاں بعض افراد ان کے لباس اور رقص کی ویڈیوز پر تنقیدی تبصرے کررہے ہیں۔خلیل الرحمٰن قمر متعدد کامیاب ڈراموں کی کہانیاں لکھ چکے ہیں، تاہم ان کے ڈراموں میں خواتین کے کرداروں کی پیشکش اور خواتین سے متعلق ان کے بیانات ماضی میں بھی مختلف حلقوں میں بحث کا باعث بنتے رہے ہیں۔ وہ اداکارہ صبا قمر سمیت دیگر فنکاراؤں کے لباس پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔دوسری جانب حجاب خلیل سوشل میڈیا پر بطور انفلوئنسر اپنی پہچان بنانے میں مصروف ہیں اور انسٹاگرام و ٹک ٹاک پر مختلف نوعیت کی ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔ حال ہی میں ان کی چند ڈانس ویڈیوز وائرل ہوئیں، جن میں وہ ایسا لباس پہنے دکھائی دیں جس سے ان کے کندھے اور پیٹ کا کچھ حصہ نمایاں تھا۔ان ویڈیوز کے منظر عام پر آنے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے حجاب کے لباس کو ان کے والد کے سابقہ بیانات سے جوڑتے ہوئے تبصرے کیے۔ ایک صارف نے نشاندہی کی کہ خلیل الرحمٰن قمر ماضی میں دوسری خواتین کے لباس پر تنقید کرتے رہے ہیں، جبکہ ایک اور صارف نے اس حوالے سے طنزیہ انداز اختیار کیا۔
کچھ افراد نے اداکارہ صبا قمر کے لباس سے متعلق خلیل الرحمٰن قمر کے سابقہ مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی بیٹی کی ویڈیوز پر بھی سوالات اٹھائے۔تاہم حجاب خلیل کی ویڈیوز پر ہونے والی تنقید اور تبصرے سوشل میڈیا صارفین کی ذاتی آرا ہیں۔ والد کے ماضی کے بیانات اور بیٹی کے انفرادی لباس کے انتخاب کو آپس میں جوڑنے کے معاملے پر آن لائن بحث جاری ہے۔



















































