اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار مشتاق خان 56 سال کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کرگئے۔ ان کے بیٹے محسن نے بتایا کہ اداکار کو تقریباً دو ہفتے قبل ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
محسن کے مطابق مشتاق خان کو پیٹ میں درد کی شکایت کے بعد طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جہاں کینسر کی تشخیص ہوئی۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران ان کی حالت بگڑتی چلی گئی اور جمعرات کی شام تقریباً 7 بجے وہ جانبر نہ ہوسکے۔
دکن ہیرالڈ کے مطابق مشتاق خان اسپتال منتقل کیے جانے سے پہلے صحت مند تھے اور سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا کے بیٹے کی پہلی فلم کی شوٹنگ میں بھی مصروف تھے۔
مشتاق خان نے تقریباً 50 سالہ فنی سفر کے دوران 500 سے زائد فلموں میں اداکاری کی اور بالخصوص معاون کرداروں کے ذریعے اپنی منفرد پہچان بنائی۔ ان کی نمایاں فلموں میں عاشقی، دل ہے کہ مانتا نہیں، ساتھی، سڑک، جنون، گناہ، سر، غدر، ویلکم اور غدر 2 شامل ہیں۔
مرحوم اداکار کی نماز جنازہ اور تدفین جمعہ کے روز کی جائے گی۔ مشتاق خان اپنے پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑ گئے ہیں۔



















































