ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ اداکار نوازالدین صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ فلم گینگز آف واسع پور کی ریلیز کے بعد میری زندگی اور کیریئر یکسر بدل گئے اور مجھے تقریبا 200فلموں کی پیشکش ہوئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں نوازالدین صدیقی نے بتایا ہے کہ فلم کی ریلیز کے بعد بڑی تعداد میں سکرپٹس میرے پاس آئے اور مجھے معاوضہ اور شوٹنگ کی تاریخیں خود طے کرنے کی پیشکش کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ بعض افراد نے مجھے خالی چیک تک دیے اور کہا کہ میں اپنی مرضی کی رقم اور دستیاب تاریخیں خود درج کر دوں، تاہم میں نے فوری طور پر کسی فلم میں کام کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔نوازالدین صدیقی کے مطابق میں نے تقریبا تمام اسکرپٹس مسترد کر دیے کیونکہ مجھے کوئی بھی کردار متاثر کن نہیں لگا، میں نے فیصلہ کیا کہ میں مناسب منصوبے کا انتظار کروں گا۔اداکار نے بتایا کہ کئی سال تک جدوجہد کرنے اور اپنے کیریئر کو آگے بڑھنے کا انتظار کرنے کے بعد میں اس پوزیشن میں تھا کہ کسی ایسے منصوبے کو صرف اس لیے قبول نہ کروں کہ اس میں فوری کام اور معاوضہ مل رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میرا یہ فیصلہ بعد میں میرے حق میں ثابت ہوا اور مجھے مزید بہتر اور مضبوط کرداروں کی پیشکش ہوئی، جس سے میں اپنی پسند کے کام پر سمجھوتا کیے بغیر کیریئر آگے بڑھانے میں کامیاب رہا۔



















































