لاہور (این این آئی)شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صاحبہ افضل نے بتایا ہے کہ ان کی بہو سے کیا توقعات ہیں۔
صاحبہ افضل کا شمار پاکستان کی مقبول فلم اور ٹیلی ویژن اداکاراں میں ہوتا ہے، ان دنوں صاحبہ اور ریمبو کے بڑے بیٹے احسن افضل خان ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔احسن افضل نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل شرپسند میں اہم کردار نبھایا جسے کافی پذیرائی ملی۔تاہم حال ہی میں صاحبہ نے یوٹیوب شو میں شرکت کی اور اپنی مستقبل کی بہو سے وابستہ توقعات کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی انسان مکمل نہیں ہوتا صرف اللہ کی ذات کامل ہے، میں چاہتی ہوں کہ میری بہو بیٹے سے محبت کرے اور نرم دل ہو، اگر وہ میرے بیٹے سے سچی محبت کرے گی تو ہمارے اس دنیا میں نہ رہنے کے بعد وہ اس کا خیال رکھے گی تجب مجھے سکون مل جائے گا۔صاحبہ نے کہا کہ اگر میرا بیٹا ہم سے زیادہ اس سے محبت کرتا ہے تو میں اس کے لیے ذہنی طور پر تیار ہوں اور مجھے اس کا بالکل برا نہیں لگے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریمبو فیملی میں بہت دیکھ بھال کرنے والے اور فکرمند رہنے والے ہیں، وہ شاید بہو کو صحت بخش غذا کھانے، تندرست رہنے اور مشروبات اور غیر صحت بخش کھانوں سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیتے رہیں گے۔اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے دونوں بیتے فی الحال اپنے کیریئر اور پڑھائی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔



















































