اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار اور مزاحیہ فنکار کلابھاون نواس کی موت کی افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔ اداکار کی لاش ریاست کیرالا کے ایک ہوٹل میں ملی، جہاں وہ اپنی نئی فلم “پرکَمبنم” کی شوٹنگ کے سلسلے میں مقیم تھے۔مقامی ذرائع کے مطابق، نواس جس دن ہوٹل سے رخصت ہونے والے تھے، طے شدہ وقت گزرنے کے باوجود کمرے سے باہر نہیں آئے۔ عملے کو تشویش لاحق ہوئی تو دروازہ کھول کر اندر داخل ہوئے۔ کمرے میں اداکار بے ہوش حالت میں پائے گئے۔
فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق کسی مجرمانہ کارروائی کے شواہد نہیں ملے، اور بظاہر ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے۔ البتہ اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔نواس نے 1995 میں فلم “چیتنیام” سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا۔ بعدازاں وہ “میٹٹی پیٹی ماچان”، “جونیئر منڈریک”، اور “اما امّائی اما” جیسی مقبول فلموں میں اپنی مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کے دل جیتتے رہے۔ان کے اچانک انتقال کی خبر نے شوبز حلقوں اور مداحوں کو افسردہ کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والے اور فلمی دنیا کے نمایاں چہروں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ کئی فنکاروں نے انہیں “ہنسی خوشی بکھیرنے والا ایک روشن چراغ” قرار دیا، جو غیر متوقع طور پر بجھ گیا۔