روم (این این آئی)اٹلی میں ہونے والی جی ٹی 4 یورپین سیریز کے دوران بھارت کے معروف اداکار اور ریسنگ کے شوقین اجیت کمار کی کار ایک حادثے کا شکار ہو گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ میزانو (Misano) ریسنگ ٹریک پر اس وقت پیش آیا جب اجیت دوسری رانڈ کی ریس میں حصہ لے رہے تھے۔ خوش قسمتی سے اداکار کو کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی، لیکن انہیں مقابلے سے باہر ہونا پڑا۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب اجیت کی کار ریس کے دوران ایک کھڑی کار سے ٹکرائی۔
رفتارتیز ہونے کے باوجود اجیت نے اپنی مہارت اور تجربے سے ایک بڑے حادثے کو ٹال دیا۔ریس کے بعد منظر عام پر آنے والی ایک ویڈیو میں اجیت کو ٹریک پر موجود عملے کے ساتھ ملبہ صاف کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ایک کمنٹیٹر نے ویڈیو میں کہا، اجیت کمار کار سے باہر آ گئے ہیں، ریس سے باہر ہو گئے ہیں۔ یہ پہلا بڑا حادثہ ہے جس کا وہ اس سال شکار ہوئے ہیں۔ لیکن وہ ایک بہترین چیمپیئن ہیں۔ملاحظہ کریں کہ وہ خود جا کر مارشلز کے ساتھ ملبہ صاف کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔ ایسا ہر ڈرائیور نہیں کرتا۔اجیت کمار کا شمار نہ صرف تمل سینما کے سپر اسٹارز میں ہوتا ہے بلکہ وہ ایک ماہر ریسنگ ڈرائیور بھی ہیں۔انہوں نے 2003 میں ریسنگ کا آغاز کیا، اور 2010 میں فارمولہ 2 چیمپیئن شپ میں بھی حصہ لیا۔ جرمنی، ملائیشیا اور اب یورپ سمیت کئی ملکوں میں ریسنگ میں شرکت کی ہے۔ وہ حال ہی میں ایک دہائی کے وقفے کے بعد دوبارہ بھرپور انداز میں ریسنگ میں واپس آئے ہیں۔اجیت کو حال ہی میں بھارتی حکومت کی جانب سے پدما بھوشن سے بھی نوازا گیا، جو ان کے فلمی اور ریسنگ کیریئر میں نمایاں خدمات کا اعتراف ہے۔