بھارتی تیلگو فلم انڈسٹری کے معروف مزاحیہ اداکار منگالم پالی وینکٹیش، جنہیں شائقین فِش وینکٹ کے نام سے جانتے تھے، 53 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق فِش وینکٹ گردوں کی شدید بیماری میں مبتلا تھے اور ان کے گردے ناکارہ ہو چکے تھے۔ وہ گزشتہ کئی دنوں سے حیدرآباد کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے اور وینٹیلیٹر پر تھے، جہاں وہ زندگی کی جنگ ہار گئے۔
فِش وینکٹ نے اپنے فلمی سفر کا آغاز سن 2000 میں کیا۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد مشہور فلموں میں نہ صرف مزاحیہ کردار نبھائے بلکہ بعض اوقات منفی کرداروں میں بھی جلوہ گر ہوئے، جنہیں شائقین نے خوب سراہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں میں ایک جعلی فون کال کے ذریعے ان کے اہل خانہ کو یہ اطلاع دی گئی تھی کہ مشہور اداکار پربھاس ان کے گردے کی پیوندکاری کے لیے 50 لاکھ بھارتی روپے عطیہ کریں گے، تاہم بعد میں یہ کال جعلی ثابت ہوئی۔