ممبئی (این این آئی)بھارت کے معروف کہانی کار اور نغمہ نگار جاوید اختر نے گزشتہ روز پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں پابندی کے حق میں بیان دیا تھا۔جس پر اداکارہ مشی خان نے جاوید اختر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی سوچ جان کر افسوس ہوا۔انھوں نے جاوید اختر کو یاد دلایا کہ جب آپ پاکستان آئے تھے تو کتنی عزت دی گئی، بڑے بڑے فنکار آپ کے قدموں میں بیٹھ گئے تھے۔
اداکارہ مشی خان نے کہا کہ آج آپ کی اصلیت سامنے آگئی، آپ سخت دل اور چھوٹی سوچ کے مالک ہیں۔مشی خان نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں کام کرنے میں کوئی دلچسپی بھی نہیں ہے، کوئی پابندی لگاتا ہے تو لگائے۔ ہمیں فرق نہیں پڑتا۔اداکارہ منشا پاشا نے بھی جواب اختر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایمانداری کی بات یہ ہے کہ قصور ہمارا ہی ہے۔ ہمیں اپنی عزت نفس کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ جاوید اختر نے ایک انٹرویو میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے کبھی بھارتی فنکاروں کو اہمیت نہیں دی حالانکہ نصرت فتح علی خان، غلام علی اور دیگر فنکاروں کو بھارت میں خوب پذیرائی ملی تھی۔